ہر لقمہ پر اللہ کا ذکر
حضرتِ اَنَس رضی اللہُ عنہ سے مروی ہے، اللہ پاک اُس بندے سے راضی ہوتا ہے کہ جب لقمہ کھاتا ہے تو اُس پر اللہ پاک کی حَمد کرتا ہے اور پانی پیتا ہے تو اِس پر اُس کی حَمد کرتا ہے۔
(مسلم، ص: 1122، حدیث: 6932)
ہر لقمہ پر پڑھنے کا طریقہ
سبحانَ اللہ! رِضائے اِلٰہی پانے کا کتنا آسان نسخہ ہے۔ خدا کی قسم! اللہ پاک کی رِضا سے بڑھ کر کوئی سعادت ہی نہیں۔ جس سے وہ راضی ہو گا اُسی کو اپنا دیدار بخشے گا، اُسی کو جنّت الفردوس میں داخِل فرمائے گا۔ ہر لقمہ کھانے اور ہر گُھونٹ پینے پر اللہ پاک کا نام لینے اور لقمہ کھا لینے اور گھونٹ پی لینے کے بعد الحمدُ لِلہ کہنے کی عادت بنانے کی کوشِش کیجئے۔ تاکہ کھانے پینے کا وَقت بھی غفلت میں نہ گزرے۔ ہو سکے تو ہر دو لقمے کے درمِیان الحمدُ لِلہ، یَا وَاجِدُ اور بسم اللہ کہنے کی عادت بنایئے کہ یوں ہر لقمہ کی ابتدا بسم اللہ اور یَا وَاجِدُ کے ذِکر پر اور ہر لقمہ کا اختام حَمد پر ہو گا۔ ان شاءَ اللہ نیکیوں کا انبار اور ثواب کے انوار ہی انوار ہوں گے۔ مکتبۃ المدینہ کے جیبی سائز کے رسالے 40 روحانی علاج کے ص 11 پر ہے، یا وَاجِدُ جو کوئی کھانا کھاتے وقت ہر نوالہ پر پڑھے گا اِن شاءَ اللہُ الکریم وہ کھانا اُس کے پیٹ میں نُور ہو گا اور مرض دُور ہو گا۔ ([1])
کر اُلفت میں اپنی فنا یا الٰہی
عطا کر دے اپنی رِضا یا الٰہی
[1]… یہ صرف 17 صفحات کا رحمتوں اور برکتوں بھرا رسالہ مکتبۃ المدینہ کی کسی بھی شاخ سے ہدیۃً طلب فرمائیے۔
(مجلس مکتبۃ المدینہ)
(گھریلو جھگڑوں کا علاج، ص: 6 – 7، مکتبۃ المدینہ کراچی)