علم مصطلح الحدیث و جرح و تعدیل
اس سے پہلے کہ ہم لوگ حدیث کی اقسام٬ اصول حدیث اور علم جرح و تعدیل کو پڑھیں میں ضروری سمجھتا ہوں کے آپ لوگوں کی کچھ بنیادی اصطلاحات سے واقفیت بہت ضروری ہے یہ واقفیت آپ لوگوں کو آگے چل کر بہت فائدہ دے گی آپ میں سے اکثر ان اصطلاحات سے واقف ہوں گے تو جو واقف ہوں گے ان کا اور پکا ہو جائے گا اور جو نہ واقف ہوں گے وہ واقف ہو جائیں گے ۔ ہم ان شاء اللہ اس کو قسطوں کی صورت میں لے کر چلیں گے اور آپ کو اتنا سکھایا جائے گا جتنا آپ کو ایک دن کے اندر اندر ذہن نشین ہوجائے
سب سے پہلے کچھ بنیادی تعریفات
علم حدیث کی تعریف
هُوَ عِلْمٌ يُعْرَفُ بِهِ أَقْوَالُ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَأَفْعَالُهُ وَأَحْوَالُهُ
ترجمہ: علم حدیث سے مراد ایسا علم ہے جس کے سبب حضور نبی رحمت ﷺ کے اقوال و احوال اور افعال پہچانے جاتے ہوں
كتاب تدريب الراوي في شرح تقريب النواوي 1/27
علم حدیث کا موضوع
أَقْوَالُ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ وَأَفْعَالُهُ وَأَحْوَالُهُ
ترجمہ: حضور نبی رحمت ﷺ کے اقوال و احوال اور افعال
علم حدیث کا فائدہ
الوقوف على ما ثبت عن رسول الله -صلى الله عليه وسلم- من حديث فنهتدي بهديه ونأتسي به
ترجمہ: اس کا فائدہ ان احادیث پر واقفیت حاصل کرنا ہے جو رسول اللہ ﷺ سے ثابت ہیں تاکہ ان کی رہنمائی سے ہم ہدایت پا سکیں اور ان کے مطابق عمل پیرا ہوسکیں
كتاب الوسيط في علوم ومصطلح الحديث ص24/25
علم حدیث کی غرض
هُوَ الْفَوْزُ بِسَعَادَةِ الدَّارَيْنِ
ترجمہ: اس علم کا غرض دنیا اور آخرت کی سعادتیں حاصل کرنے میں کامیاب ہونا ہے
علم حدیث کا حکم
أنه من فروض الكفاية فإذا لم يوجد في الأمة من يقوم به أثمت الأمة كلها
ترجمہ: اس علم کو حاصل کرنا فرض کفایہ ہے جب ساری امت میں ایک ایسا فرد بھی نہ پایا جائے جو علم حدیث کا عالم ہو تو اس کے سبب ساری امت گناہگار ہوگی
علم حدیث کی فضیلت
أنه من أشرف العلوم وأفضلها إذ العلم إنما يشرف بشرف موضوعه وأشرف الكلام بعد كلام الله تعالى هو كلام رسوله -صلى الله عليه وسلم
ترجمہ: فضیلت کے لحاظ سے یہ علم تمام علوم سے اشرف اور افضل ہے کیونکہ کسی علم کی عظمت اور اشرف اس کے موضوع کی عظمت کے سبب ہوتی ہے اور اللہ تعالی کے کلام کے بعد سب سے افضل کلام رسول اللہ ﷺ کا کلام ہے
كتاب الوسيط في علوم ومصطلح الحديث ص24/25
آج آپ لوگوں کو کچھ تمہیدی گفتگو کے ساتھ تعریفات سے آگاہ کیا ان شاء اللہ اگلے سبق میں آپ لوگوں کو اصطلاحات سے بھی آگاہ فرمائیں گے اور مزید کچھ تعریفات سے بھی
سبق نمبر 1
خادم الحدیث نبوی ﷺ سید محمد عاقب حسین رضوی